کراچی میں بارش کے دوران 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں بارش ہوتے ہی 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ شہرِ قائد کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے جن میں ملیر، کورنگی، گڈاپ ٹاؤن، بن قاسم اور گلشنِ حدید شامل ہیں۔
فیڈرز ٹرپ کر جانے کے باعث نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن اور گلشنِ اقبال میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی ہوئی، تاہم لوڈ شیڈنگ کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی پھلکی اور موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے باعث متعدد علاقوں میں موسم خوشگوار ہوگیا۔
شہرِ قائدکے مختلف علاقوں میں آج دوپہر سے بوندا باندی، ہلکی اور موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ لانڈھی، کورنگی، قائد آباد، احسن آباد اور گلشنِ حدید کے علاقوں میں موسلا دھار بارش ہورہی ہے۔
گزری، ڈیفنس اور کلفٹن میں بھی موسلا دھار بارش ہورہی ہے۔ شاہ لطیف ٹاؤن، اسٹیل ٹاؤن اور گردونواح میں بھی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ شاہ فیصل کالونی، گلستانِ جوہر اور کورنگی میں بھی بوندا باندی اور بارش ہوئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








