بھارت میں ایک خاتون نے اپنے شوہر کو سبق سکھانے کے لیے حیران کن منصوبہ بنایا اور جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے اسے اپنے ہی جال میں پھنسا کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سونی ترپاٹھی نامی خاتون گزشتہ چار سال سے اپنے والدین کے گھر، جگپورہ گاؤں میں مقیم تھی، کیونکہ اس کے شوہر پربھودت ترپاٹھی نے اسے گھر سے نکال دیا تھا۔ اس دوران خاتون نے شوہر کو مزہ چکھانے کا فیصلہ کیا اور سوشل میڈیا پر ایک جعلی اکاؤنٹ بنا لیا۔
خاتون اس جعلی اکاؤنٹ کے ذریعے ایک انجان لڑکی بن کر اپنے شوہر سے بات چیت کرتی رہی۔ حیران کن طور پر پربھودت ترپاٹھی اس لڑکی سے متاثر ہو گیا اور اس سے شادی کرنے پر بھی آمادہ ہو گیا۔ رپورٹس کے مطابق وہ کئی بار اس لڑکی (یعنی اپنی ہی بیوی) کو ہوٹل میں ملنے کی پیشکش بھی کرتا رہا۔
بالآخر رواں ماہ خاتون نے اپنے شوہر کو دارا گنج کے علاقے میں واقع ایک مندر میں ملاقات کے لیے بلایا۔ اس موقع پر خاتون کے والدین اور بھائی بھی دور سے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے تھے۔
جب پربھودت اپنے دوست کے ساتھ مندر پہنچا تو خاتون نے ابتدا میں اپنا چہرہ چھپا رکھا تھا، مگر جیسے ہی اس نے اپنا چہرہ ظاہر کیا، شوہر غصے میں آگیا اور اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے لگا۔
اسی دوران خاتون کے اہل خانہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پربھودت کو قابو کر لیا اور پولیس کے حوالے کر دیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








