اسلام آباد کے ایک مدرسے کے طلبہ نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں اسلام آباد پولیس نے امام کعبہ کے استقبال کا بتا کر دھوکے سے انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے استقبال کیلئے ایئرپورٹ لے جایا گیا۔
اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ وائرل ہے جس میں مدارس کے طلبہ کا کہنا ہے کہ کراچی کمپنی تھانے کے ایس ایچ او نے ان سے رابطہ کیا اور مبینہ طور پر بتایا کہ امامِ کعبہ پاکستان پہنچ رہے ہیں اور ان سے درخواست کی گئی کہ وہ ایک عظیم الشان مذہبی استقبال میں شرکت کریں، چند کلمات پڑھیں اور ایئرپورٹ پر تلاوت کریں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں طلبہ کو یہ شکایت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کہ انہیں بالکل علم نہیں تھا کہ کسی کرکٹ ٹیم کی آمد ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اسے ایک بڑی مذہبی تقریب سمجھ کر جلدی میں ایئرپورٹ پہنچے، مگر وہاں معلوم ہوا کہ یہ پاکستان انڈر 19 اسکواڈ کے اعزاز میں ایک استقبالیہ تھا۔
کچھ طلبہ نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سفر میں ان کا قیمتی وقت ضائع ہوا، تاہم طلبہ نے واضح کیا کہ وہ قومی کرکٹ ٹیم سے محبت کرتے ہیں اور ایشیا کپ میں کامیابی پر خوش بھی ہیں، لیکن انہوں نے انہیں ایئرپورٹ لانے کے لیے اختیار کیے گئے اس طریقۂ کار کی، جسے انہوں نے فریب پر مبنی قرار دیا، سختی سے مذمت کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








