پاکستان میں AI اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں علی بابا کلاؤڈ اور الخدمت فاؤنڈیشن کے درمیان زبردست معاہدہ طے پایا ہے۔
پاکستانی نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت (AI) اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے لیے علی بابا کلاؤڈ اور الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔
اس معاہدے کے تحت الخدمت فاؤنڈیشن کے فلیگ شپ تعلیمی پلیٹ فارم “بنو قابل” کے ذریعے پاکستان میں خصوصی علی بابا کلاؤڈ ٹریننگ سینٹرز قائم کیے جائیں گے، جہاں طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی کی عملی تربیت دی جائے گی۔
مفاہمتی یادداشت پر علی بابا کلاؤڈ کے مجاز پارٹنر کی جانب سے مسٹر ہینک شاؤ جبکہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے نوید علی بیگ نے دستخط کیے۔ یہ اشتراک علی بابا کلاؤڈ پرائیویٹ لمیٹڈ سنگاپور اور الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے درمیان طے پایا ہے، جبکہ پاکستان میں علی بابا کلاؤڈ کے پارٹنر Cognix Solutions Private Limited اس منصوبے میں معاونت فراہم کرے گا۔
معاہدے کے مطابق پاکستان میں دو جدید علی بابا کلاؤڈ سینٹرز قائم کیے جائیں گے، جن میں ایک کراچی کے بنو قابل انکیوبیشن سینٹر اور دوسرا لاہور کے بنو قابل انوویشن سینٹر میں ہوگا۔ ان مراکز میں AI اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے بین الاقوامی معیار کے نصاب کے مطابق تربیت فراہم کی جائے گی۔
طلبہ کو اس پروگرام کے تحت عالمی سطح پر تسلیم شدہ پروفیشنل سرٹیفکیشن حاصل کرنے کا موقع ملے گا، جس سے ان کے لیے بین الاقوامی جاب مارکیٹ میں مواقع بڑھیں گے۔
اس شراکت داری کے تحت اساتذہ کے لیے بھی باقاعدہ ٹریننگ اور سرٹیفکیشن پروگرامز منعقد کیے جائیں گے تاکہ انہیں جدید ٹیکنالوجی اور عالمی معیار کے مطابق اپ ڈیٹ رکھا جا سکے۔
مزید برآں “AI for Pakistan’s Future” کے عنوان سے ہیکاتھونز کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں نوجوانوں کو قومی مسائل کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی حل پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی۔
الخدمت فاؤنڈیشن کا “بنو قابل” پروگرام پاکستان کے بڑے تعلیمی اقدامات میں شامل ہو چکا ہے، جہاں اب تک 11 لاکھ 50 ہزار سے زائد طلبہ رجسٹر ہو چکے ہیں اور 90 ہزار سے زائد طلبہ مختلف کورسز مکمل کر کے سرٹیفائی ہو چکے ہیں۔
یہ معاہدہ غیر تجارتی بنیادوں پر کیا گیا ہے جس کا مقصد نوجوانوں میں ڈیجیٹل مہارتوں کو فروغ دینا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو مضبوط بنانا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ شراکت داری پاکستان کے ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کو مستحکم بنانے اور مستقبل کے لیے ہنر مند افرادی قوت تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








