کراچی میں غیرت کے نام پر چھریوں کے وار، نوجوان لڑکا جاں بحق، لڑکی زخمی

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی میں ملزمان نے غیرت کے نام پر چھریوں کے وار کرکے نوجوان لڑکے کو بے رحمی سے قتل کردیا جبکہ حملے کے نتیجے میں لڑکی زخمی ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق غیرت کے نام پر قتل کا یہ افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر واقع قائدِ اعظم کالونی میں پیش آیا جہاں لڑکی کے بھائی اور ماموں نے پریمی جوڑے پر حملہ کردیا۔

لڑکی کے بھائی اور ماموں نے غیرت کے نام پر لڑکے اور لڑکی دونوں کو زخمی کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 22 سالہ نوجوان لڑکا دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا ہے۔

دوسری جانب 20 سالہ لڑکی پر بھی چھریوں کے وار کیے گئے جسے زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ لڑکی کا ماموں اور بھائی گرفتار ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق چھریوں کے وار سے جاں بحق ہونے والے 22 سالہ نوجوان کی شناخت ماجد جبکہ 20 سالہ لڑکی کی گلناز کے نام سے ہوئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔ 

خیال رہے کہ اِس سے قبل کراچی پولیس نے شہر میں جرائم کی روک تھام کیلئے اسٹریٹ کرمنلز، منشیات فروشوں اور مفرور ملزمان کیخلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے سیکڑوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

آج سے 1 روز قبل پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق گزشتہ ہفتے کراچی کے ایسٹ، ویسٹ اور ساوتھ زونز میں چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 1144  سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

مزید پڑھیں: جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی، ایک ہفتے میں 1144 ملزمان گرفتار

Related Posts