حکومت نے رسول اللہ ﷺ کے چچا زاد بھائی اور داماد، امیر المؤمنین حضرت علی رضی اللہ عنہ کے یومِ شہادت کے موقعے پر یکم اپریل کو تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمۂ تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کے تحت یکم اپریل کو تعلیمی ادارےحضرت علی کرم اللہ وجہ کے یومِ شہادت کی مناسبت سے بند رہیں گے۔
محکمۂ تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کا اطلاق تمام سرکاری و نجی اسکولز اور کالجز پر ہوگا۔ خیال رہے کہ حضرت علی کرم اللہ وجہ کو اسلامی تاریخ میں فاتحِ خیبر کی حیثیت حاصل ہے۔
ام المؤمنین حضرت خدیجۃ الکبریٰ کے بعد حضرت علی کرم اللہ وجہ اسلامی تاریخ میں اللہ اور حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پر ایمان والے دوسرے شخص تھے جنہیں کمسن مسلمان بھی کہا جاتا ہے۔
حضرت علی کرم اللہ وجہ قرآنی آیات کے استدلال کے تحت سابقون الاوّلون میں شامل ہیں یعنی وہ لوگ جو سب سے پہلے ایمان لانے میں سبقت کرنے والے ہیں، آپ کو عشرہ مبشرہ میں بھی اہم مقام حاصل ہے۔
تمام تر غزوات میں شامل بلکہ پیش پیش رہنے والے حضرت علی کرم اللہ وجہ کی ابتدائی زندگی رسولِ اکرم ﷺ کے ہمراہ گزری اور آپ یہ اعزاز بھی رکھتے ہیں کہ کسی بھی جنگ میں رسول اللہ ﷺ کو تنہا نہیں چھوڑا۔
رسول اللہ ﷺ نے حضرت علی کرم اللہ وجہ کو دنیا و آخرت میں اپنے بھائی کا درجہ دیا ۔ اسلام کے چوتھے خلیفہ کے طور پر حضرت علی کرم اللہ وجہ کی حکمرانی کا دور 656 سے 661 سن عیسوی تک کا سمجھا جاتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








