کراچی : پولیس نے ڈیفنس فیز 5 میں پولیس اہلکار کو قتل کرنے والے ملزم کو فرار ہونے میں مدد کرنے والے 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 5 میں پولیس اہلکار کے قتل کی تحقیقات میں مختلف مقامات سے 2 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ حراست میں لیے گئے دونوں افراد ملزم خرم نثار کے دوست ہیں، زیرِ حراست افراد نے مبینہ طور پر ملزم کو فرار کرانے میں سہولت کاری کی۔
پولیس کے مطابق زیرحرست ایک ملزم نے فرار ملزم خرم کی گاڑی تبدیل کرائی، خرم نثارکو فرار ہونے کے لیے کار فراہم کی جبکہ دوسرے زیرحراست شخص سے ملزم خرم نثار نے فون پر رابطہ کیا تھا، پولیس کی جانب سے دونوں افراد سے تفتیش جاری ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان علی بلوچ نے بتایا کہ کلفٹن کے علاقے میں شہید ہونے والے اہلکار کی تفتیش کے لیے ایس ایس پی ساؤتھ کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی،تحقیقاتی ٹیم میں ایس پی سٹی انویسٹیگیشن علی مردان کھوسو ،اے ایس پی کلفٹن اور ایس آئی او نبی بخش اور ایس ایچ او کلفٹن شامل ہیں۔
کروڑوں روپے مالیت کے آئی فون اسمگل کرنے کی کشش ناکام
ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق تفتیشی ٹیم کو خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے کہ ان ملزمان کو بھی گرفتار کریں جنہوں نے ملزم کو فرار کروانے میں مدد فراہم کی۔
دوسری جانب ایف آئی اے انٹرپول اور سوئیڈش ایمبیسی سے بھی ملزم کی گرفتاری کے لیے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز پولیس اہلکار کو قتل کرنے والا ملزم بیرون ملک فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، ملزم خرم نثار غیرملکی ائیر لائن کے ذریعے سوئیڈن پہنچا۔
سابق ڈپٹی کمشنر کا بیٹا ملزم خرم نثار غیرملکی ائیر لائن کی پرواز ٹی کے 709 کے ذریعے فرار ہوا، ملزم نے سفر کیلئے سوئیڈن کا پاسپورٹ استعمال کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








