کم آمدنی والے لوگ بھی اپنا گھر خرید سکیں گے، مریم نواز کا بڑا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

مریم نواز
(فوٹو: آن لائن)

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں کم آمدنی والے لوگ بھی اپنی چھت کا خواب پورا کرسکیں گے۔

تفصیلات کے  مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے اخوت فاؤنڈیشن کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب سے ملاقات کے دوران اخوت کی سماجی خدمات کی تعریف کی۔ اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام ملکی تاریخ کا بڑا پراجیکٹ ہوگا۔

گفتگو کے دوران مریم نواز نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام ملکی تاریخ کا سستا رہائشی پراجیکٹ ہوگا، پنجاب میں کم قیمت ہاؤسنگ پروگرام شروع ہوچکا ہے۔ ہر سال پروگرام کے دائرے میں وسعت لائیں گے۔ اس کا بنیادی مقصد مالی اعتبار سے کمزور طبقات کو چھت کی فراہمی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ عوام کو سبسڈیز دیں گے تاکہ مالی بوجھ کم کیاجاسکے۔ گھر کیلئے آسان ماہانہ اقساط ہوں گی، پروگرام کے تحت پائیدار اور ماحول دوست گھر تعمیر کرنے کی پالیسی پر عمل ہوگا۔ پروگرام کے نتیجے میں لاکھوں افراد کو روزگار بھی میسر آئے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت لاکھوں خاندان بہتر معیارِ زندگی حاصل کرسکیں گے، سود سے پاک قرض کی فراہمی کیلئے یہ ملک کا پہلا بڑا پراجیکٹ ہوگا۔ بے گھر لوگوں کو گھر فراہم کرنا پنجاب حکومت کیلئے اوّلین ترجیح ہے۔ قسط 14ہزار روپے ماہانہ تک ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ دیہات میں 10 مرلے جبکہ شہروں میں 5 مرلے تک کے رہائشی پلاٹ کے مالکان کو 15 لاکھ روپے تک قرض دیا جائے گا۔ بڑے شہروں میں سرکاری زمینوں پر 4منزلہ فلیٹس کی تعمیر بھی کی جائے گی۔ فلیٹ آسان اقساط سے قرعہ اندازی کے ذریعے فراہم کریں گے۔

Related Posts