مریم نواز کا فیصل آباد میں الیکٹرک بس سروس کا افتتاح، 150 بسوں کا تحفہ دینے کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

Maryam Nawaz inaugurates electric bus service in Faisalabad, announces 150 buses for division
(فوٹو؛ فائل)

فیصل آباد: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیصل آباد میں گرین الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کردیا،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے فیصل آباد ڈویژن کے لیے 150 نئی الیکٹرک بسوں کا تحفہ دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ جدید سہولت پنجاب کے عوام کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ بزرگ شہریوں، خواتین، خصوصی افراد اور طلبہ کے لیے بسوں میں سفر بالکل مفت ہوگا۔ ان ایئر کنڈیشنڈ بسوں میں وائی فائی اور موبائل چارجنگ پورٹس جیسی سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ شہری جدید اور آرام دہ سفر سے مستفید ہوسکیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن کے علاوہ جھنگ اور چنیوٹ میں بھی الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ عام شہری صرف 20 روپے کرایہ ادا کرکے ان بسوں میں سفر کرسکیں گے۔

کراچی: جے ڈی سی کے سربراہ ظفر عباس کو جان سے مارنے کی دھمکیاں، ماہانہ 14 کروڑ بھتہ طلب

ان کا کہنا تھا کہ اب ترقی کا رخ چھوٹے شہروں سے بڑے شہروں کی طرف بڑھایا جا رہا ہے تاکہ ہر سطح پر عوام کو ریلیف ملے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تنقید مجھ پر کریں تو کوئی فرق نہیں پڑتا، لیکن اگر پنجاب کے عوام پر تنقید کی گئی تو میں خاموش نہیں رہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سب مسائل کا حل صرف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نہیں ہے، پنجاب اپنے فیصلے خود کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید اعلان کیا کہ فیصل آباد میں کینسر کے علاج کے لیے جدید مشینری بھی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ مریضوں کو بہتر اور بروقت سہولتیں میسر آسکیں۔ مریم نواز نے کہا کہ عوامی خدمت اور سہولتوں کی فراہمی ہی ان کی حکومت کا اصل مقصد ہے۔

Related Posts