پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے پر ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں ازخود اضافہ، مریم نواز کا نوٹس

تازہ ترین

تازہ ترین

مریم نواز
(فوٹو: فیس بک)

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے پر ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں از خود کیے گئے اضافے کا نوٹس لے لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے طے شدہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو ٹاسک دے دیا۔ حکومت کا ماننا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ عملدرآمد کیلئے ڈپٹی کمشنر ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کو ٹاسک دیا گیا ہے، محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹرانسپورٹرز کے مابین کرایوں میں اضافہ نہ کرنے پر اتفاق ہوگیا۔ ٹرانسپورٹرز کرائے نہ بڑھانے کیلئے راضی ہوگئے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کی جانب سے ٹرانسپورٹرز سے کرائے نہ بڑھانے پر بیانِ حلفی لے لیا گیا۔ سیکریٹری آر ٹی اے لاہور رانا محسن کا کہنا ہے کہ مختلف نجی ٹرانسپورٹ کمپنیز کی جانب سے کرائے نہ بڑھانے کابیان جمع کرادیا گیا ہے۔

رانا محسن کے مطابق کرایوں میں خودساختہ اضافہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ تمام بس اڈے چھاپہ مار ٹیموں کی نگرانی میں ہیں۔ حکومتی فیصلے کی خلاف ورزی ہوئی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ ٹرانسپورٹرز نے پبلک ٹرانسپورٹ کا کرایہ 5فیصد تک بڑھا دیا تھا۔

Related Posts