وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عہدہ سنبھالتے ہی مہنگائی کے خلاف اقدامات کا حکم دے دیا اور ساتھ ہی اپنی حکومت کی ریڈلائن بھی بتا دی۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پرائس کنٹرول کے لیے پائیدار اقدامات کا حکم دے دیا اور اس حوالے سے متعلقہ حکام سے فوری پلان بھی طلب کر لیا۔
’وزیر اعلیٰ نے پانچ روز میں پرائس کنٹرول کے لیے باقاعدہ ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے کا حکم دے دیا۔‘
انہوں نے ڈیمانڈ اور سپلائی سسٹم کی مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کر دی۔
مریم نواز نے کہا کہ پرائس کنٹرول کے لیے باقاعدہ قانونی میکنزم موجود نہیں۔ ’عارضی اقدامات کافی نہیں، مہنگائی پر قابو پانا ترجیحات میں اولین ہے۔‘
اجلاس میں پرویز رشید، ارکان اسمبلی مریم اورنگزیب، عظمی بخاری، بلال کیانی، افضل کھوکھر، ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، آئی جی، چیئرمیں پی اینڈ ڈی، سیکریٹرز پولیس حکام اور دیگر نے شرکت کی۔
وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز کا ٹیکسلا میں بزرگ خاتون کو تھپڑ مارنے کے واقعے کا نوٹس
وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے ٹیکسلا میں بزرگ خاتون کو تھپڑ مارنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والا ہی قانون توڑے گا تو قانون کی کون عزت کرے گا؟
پیر کو لاہور میں نومنتخب وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز کی صدارت میں امن و امان سے متعلق اجلاس منقد ہوا۔
اجلاس میں مریم نواز کو اعلٰی حکام کی جانب سے صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ خلاف قانون کوئی رویہ برداشت نہیں کروں گی۔ امن وامان لازم ہے لیکن شہریوں کی عزت اور انہیں توہین سے بچانا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’خواتین، بچوں، اقلیتوں پر تشدد اور ریپ، ہماری حکومت کی ریڈ لائن ہے۔‘