پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماورا حسین کی تشدد زدہ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں جس سے محسوس ایسا ہوتا ہے کہ اداکارہ کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
اداکارہ ماورا حسین نے ثبات، نوروز اور داسی سمیت متعدد ٹی وی سیریلز میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی چند تصاویر میں اداکارہ ماورا حسین کو تشدد زدہ دکھایا گیا جس سے مداحوں میں تشویش پھیل گئی، تاہم اداکارہ نے خود ہی تصاویر پر وضاحت پیش کردی۔
اپنے حالیہ ڈرامہ سیریل جفا کی قسط میں اداکاری کے بعد انسٹاگرام پیغام میں اداکارہ ماورا حسین نے کہا کہ یہ ایک خوفناک تجربہ تھا کہ میں نے جفا جیسے ڈرامے میں اداکاری کی۔ تشدد کا شکار کردار زارا کیلئے اداکاری کرنا میرے لیے دل شکستہ کردینے والا تجربہ ثابت ہوا کیونکہ وہ گھریلو تشدد کا شکار دکھائی گئی ہے۔
بات کو آگے بڑھاتے ہوئے ادکارہ ماورا حسین نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں ایسی بہت سی خواتین کا مشاہدہ کیا ہے جو ایسے تجربات سے گزری ہیں اور ان میں سے اکثر پہلے سے مضبوط خواتین بن کر ابھریں لیکن یہ تجربات آگے چل کر ان کی زندگی کے گہرے ترین زخم بن گئے ہیں، جنہیں آسانی سے بھلایا نہیں جاسکتا۔
اپنے پیغام میں اداکارہ ماورا حسین نے جسمانی تشدد کا شکار خواتین کے جذباتی استحصال کے مسائل کو اجاگر کرنے کی کوشش کی اور بتایا ہے کہ بہت سی خواتین اپنی زندگی میں ایسے مواقع پر صبر کا دامن تھام کر رکھتی ہیں۔ جب ایک خاتون محبت یا سماجی دباؤ کے باعث تشدد کا شکار ہوتی ہے تو ایسے حالات کو سنبھالنا آسان نہیں ہوتا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








