عمران خان کے کمرے کی بجلی بند، سہولیات واپس لینے کی خبریں بے بنیاد قرار

تازہ ترین

تازہ ترین

عمران خان
(فوٹو: آن لائن)

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں عمران خان کے کمرے کی بجلی بند اور سہولیات واپس لیے جانے کی خبریں بے بنیاد قرار دے دی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی جیو نیوز کا اپنی رپورٹ میں جیل ذرائع کے حوالے سے دعویٰ ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے اڈیالہ جیل سیل کی بجلی معطلی اور سہولیات واپسی کے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔ عمران خان کو جیل مینوئل کے تحت تمام سہولیات دی جارہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جیل ذرائع نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کا معمول کے مطابق طبی معائنہ بھی کیا جاتا ہے۔ عمران خان کو مطالعے کیلئے دو انگریزی روزنامے بھی روزانہ کی بنیاد پر دئیے جاتے ہیں اور عمران خان کے سیل کی بجلی بھی ہر وقت بحال رکھی جاتی ہے۔

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کو کھانے کیلئے علیحدہ کچن کی دستیابی یقینی بنائی گئی ہے جبکہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو دو مشقتی شفٹوں میں دستیاب رکھے جاتے ہیں۔ پنجاب حکومت نے 18اکتوبر تک جیل میں قیدیوں سے ہر قسم کی ملاقاتوں پر پابندی عائد کی ہے۔

نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق جیل کی سکیورٹی حفاظتی خدشات کے باعث سخت کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ واقعہ 9 مئی سمیت مختلف الزامات کے تحت عمران خان کو مختلف مقدمات کا سامنا ہے۔ اسلام آباد میں ایس سی او اجلاس کے موقعے پر بھی سکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔

Related Posts