ملک کا اثاثہ، اُبھرتے ہوئے نوجوان کرکٹر سفیان عثمانی

تازہ ترین

تازہ ترین

ملک بھر میں سب سے مقبول کھیل کرکٹ ہے جس کے ستارے عالمی سطح پر وطن کا نام روشن کرتے ہیں۔ ایسے ہی ایک ستارے اور روشن مستقبل کے حامل کراچی زون انڈر 19 کے سفیان عثمانی بھی کسی تعارف کے محتاج نہیں۔

پاکستان کے پاس بے پناہ ٹیلنٹ ہے خاص طور پر جب بات کرکٹ کی ہو، اس کھیل سے قوم سب سے زیادہ پیار کرتی ہے۔ آج ہم آپ کی بائیں ہاتھ کے کھلاڑی سفیان عثمانی سے ملاقات کروارہے ہیں، جو پاکستان کے لیے کچھ خاص کرنے کا خواب دیکھتے ہیں۔

ایم ایم نیوز نے اُن کے ساتھ نشست کا اہتمام کیا، جس کا احوال پیش خدمت ہے:

ایم ایم نیوز: کس کو دیکھ کر آپ نے کرکٹ کھیلنی شروع کی؟

سفیان عثمانی: بچپن سے ہی کرکٹ دیکھنے کا بہت شوق تھا، شاہد آفریدی کا کھیل مجھے بہت پسند تھا اور انہی کو دیکھ کر مجھے بھی کرکٹ کھیلنے کا شوق پیدا ہوا۔ میں نے شروعات معین خان اکیڈمی سے کی تھی، 14 اگست کا ایونٹ ہوا تھا میں نے وہاں پر سنچری کی تھی جس سے میرے اندر کرکٹ کھیلنے کا مزید شوق پیدا ہواتھا۔

ایم ایم نیوز: بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بیٹر کے طور پر آپ کس کو فالو کرتے ہیں؟

سفیان عثمانی: مجھے بائیں ہاتھ کے بلے باز زیادہ پسند نہیں ہیں، بابر اعظم اور ویرات کوہلی میرے پسندیدہ ہیں۔ اس کے علاوہ مجھے سعود شکیل اور حارث سہیل بھی پسند ہیں۔

ایم ایم نیوز: کس سینئر بلے باز کی تکنیک آپ کو زیادہ پسند ہے؟

سفیان عثمانی: عبداللہ شفیق کی تکنیک مجھے بہت پسند ہے اور میرے خیال سے کسی بھی کھلاڑی کیلئے اچھی تکنیک بہت ضروری ہوتی ہے اور میں بھی اس پر کافی محنت کررہا ہوں۔

ایم ایم نیوز:آپ کو ٹیسٹ، او ڈی آئی اور ٹی ٹوئنٹی میں سے کرکٹ کا کونسا فارمیٹ پسند ہے؟

سفیان عثمانی: مجھے ون ڈے کرکٹ پسند ہے لیکن چونکہ اب ٹی ٹوئنٹی کو زیادہ توجہ دی جاتی ہے اسی لیے میں اس کی پریکٹس زیادہ کرتا ہوں۔

ایم ایم نیوز: بیٹنگ کرتے ہوئے کونسا باؤلر آپ کو زیادہ پریشان کرتا ہے؟

سفیان عثمانی: اسپنر کو کھیلتے ہوئے تھوڑی مشکل ہوتی ہے ۔

ایم ایم نیوز: آپ نے اب تک کامیابیوں کے کتنے سنگ میل عبور کیے ہیں؟

سفیان عثمانی: سندھ سے انڈر 13 کی ایک ٹیم بنتی ہے میں نے اس میں بھی کھیلا ہے اور انڈر 16 کی ٹیم میں بھی کھیلا ہے اس میں اچھی پرفارمنس دی تھی اور پچھلے سال انڈر 19 میں اپنے زون سے دوسری پوزیشن پر آیا تھا۔

ایم ایم نیوز: کرکٹ صرف کھیلتے ہیں یا پھر دیکھنے کا بھی شوق ہے؟

سفیان عثمانی: شروعات میں نے کرکٹ کو دیکھنے سے ہی کی تھی اور اسے دیکھ کر ہی میرے اندر کرکٹ کھیلنے کا شوق پیدا ہوا تھا، پی ایس ایل اور ورلڈ کپ کو میں شوق سے دیکھتا ہوں اور پی ایس ایل میں کراچی کنگز میری پسندیدہ ٹیم ہے۔

ایم ایم نیوز: آپ سب سے زیادہ کس کرکٹ لیگ کو فالو کرتے ہیں؟

سفیان عثمانی: آئی پی ایل، کیونکہ وہاں پر بلے باز بہت جارحانہ بیٹنگ کرتے ہیں جس سے کافی کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔

ایم ایم نیوز: بیٹنگ، فیلڈنگ اور بالنگ میں سے آپ کس کو زیادہ انجوائے کرتے ہیں؟

سفیان عثمانی: مجھے بیٹنگ کرنا پسند ہے بس یہی دل چاہتا ہے کہ کوئی بالنگ کراتا رہے اور میں بیٹنگ کرتا رہوں۔

ایم ایم نیوز: اپنی فٹنس کا خیال کیسے رکھتے ہیں؟

سفیان عثمانی: ایک کرکٹر کو اپنی فٹنس کا بہت زیادہ خیال رکھنا پڑتا ہے اسی لیے میں بھی اپنی فٹنس کا بہت زیادہ خیال رکھتا ہوں روزانہ کم ازکم 7 گھنٹے میرے فٹنس پر لگتے ہیں۔

ایم ایم نیوز: دوسرے نوجوان کرکٹرز کیلئے آپ کا کیا پیغام ہے؟

سفیان عثمانی: میرا اُن کیلئے یہی پیغام ہے کہ اگر اُن کا خواب پاکستان کیلئے کرکٹ کھیلنے کا ہے تو وہ کرکٹ پر اپنی بھرپور توجہ دیں اور کسی اکیڈمی کو جوائن کرنے کے بجائے کسی کوچ کی نگرانی میں پریکٹس کریں اس سے آپ زیادہ اچھا سیکھ سکتے ہیں۔

Related Posts