سندھ کے شہر میرپورخاص میں مخالفین نے مبینہ طور پر پسند کی شادی کرنے والے لڑکے کی رشتہ دار 3 لڑکیوں کو اغوا کرلیا ہے، واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے تفتیش شروع کردی۔
تفصیلات کے مطابق لڑکے کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ مخالفین کے 40 سے زائد مسلح افراد نے گھر پر حملہ کیا اور گھر کے افراد کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد لڑکے کی رشتہ دار 3 لڑکیوں کو ساتھ لے گئے۔
میرپورخاص پولیس کا کہنا ہے کہ چند ماہ قبل امتیاز منگنھار نامی نوجوان کی شادی ہوئی تھی جو اس نے اپنی پسند سے کی۔ لڑکے کے اہل خانہ کی شکایت پر واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے کی تفتیش کے دوران گھر پر حملے اور خواتین کے اغوا کے شک میں 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ اہل خانہ کے دعوے کے مطابق مزید 35 سے زائد حملہ آور تاحال مفرور ہیں۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








