اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیاست دانوں کو انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج سے پہلے 10 بار سوچیں، کسی بھی صورت دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اگر کل کوئی اسلام آباد آیا تو ہم سے شکایت نہ کرے۔ کوئی دھاوا بولے گا تو نرمی یا رعایت نہیں کریں گے۔ پولیس نے پوری تیاری کرلی۔ سکیورٹی انتظامات میں نرمی نہیں برتیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے پیرا ملٹری فورسز، رینجرز اور پاک فوج کو طلب کرلیا۔ پی ٹی آئی قیادت احتجاج کی کال پر نظر ثانی کرے۔ کل تک کا وقت ہے، سوچنا چاہئے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس انتہائی اہم ہے۔ بطور پاکستانی سیاست کرنا آپ کا حق ہے لیکن 17تاریخ تک خیال کرلیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن بھی احتجاج مؤخر کرنے کا کہہ چکے ہیں۔ عام شہری اور سیاسی کارکنان کل احتجاج سے قبل 10 بار سوچیں کیونکہ کل کا دن ملکی اعتبار سے اہم ہے۔ ملائشیا کے وزیراعظم بھی پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، پھر سعودی وفد یہاں آنے والا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پاکستان کی سیاسی جماعت ہے، غیر ملکی نہیں، کوئی سربراہِ مملکت یہاں ہو اور آپ اسلام آباد پر دھاوا بول دیں، یہ نامناسب ہے۔ ہم ہر طریقے سے انتظامات کریں گے، جلسے کی اجازت دینے کیلئے جگہ بھی متعین ہے، چھوٹے سے واقعے کا خمیازہ زندگی بھر بھگتنا ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








