اسلام آباد: وزیرِ مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ حکومت نے گرین فیلڈ آئل ریفائننگ پالیسی منظور کر لی ہے۔ روس سے 1 لاکھ ٹن تیل پاکستان لا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیرِ مملکت مصدق ملک نے کہا کہ روس سے جہاز خام تیل لے کر 2 سے 3 روز میں عمان اور پھر وہاں سے چھوٹے جہازوں کے ذریعے تیل پاکستان پہنچے گا۔
پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت میں 5.6 فیصد کی کمی
پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان میں نئی گرین فیلڈ آئل ریفائننگ پالیسی سے بیرونی سرمایہ کاری ہوگی۔ ہم جدید ترین 4 لاکھ بیرل یومیہ آئل ریفائنری لگانے کے خواہاں ہیں۔ انرجی سکیورٹی معاشی ترقی کیلئے ضروری ہے۔
گفتگو کے دوران وزیرِ مملکت مصدق ملک نے کہا کہ نئی ریفائنریز خصوصی اقتصادی زون میں لگائی جائیں گی، سرمایہ کاروں کو ٹیکس چھوٹ ملے گی۔ آئل ریفائننگ میں سرمایہ کاری کو فارن انویسٹمنٹ ایکٹ کے تحت تحفظ حاصل ہوگا۔
وزیرِ مملکت برائے پیٹرولیم نے کہا کہ ایل پی جی ائیر مکس کی پالیسی لائی جارہی ہے۔ گیس سے محروم علاقوں میں نجی شعبے کے ذریعے ایل پی جی فراہم کی جائے گی۔ ہماری پیٹرول اور ڈیزل کی سالانہ ضرورت کا تخمینہ 20 سے 21 ملین ٹن ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ مقامی ریفائنریز ملکی ضروریات کا 50 فیصد فراہم کرتی ہیں، فرنس آئل کی کھپت ختم ہونے لگی ہے، 2032 تک پیٹرول اور ڈیزل کی کھپت سالانہ 33 ملین ٹن تک جا پہنچے گی۔ روس سے خام تیل کا جہاز 27 سے 28 مئی کو عمان پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے جہازوں کی مدد سے 1 لاکھ ٹن تیل پاکستان پہنچے گا۔ ایک سوال کے جواب میں مصدق ملک کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں آئی ایم ایف کو غریب ملک کیلئے سستے پیٹرول پیکیج پر کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








