کراچی: شیخ الحدیث اور معروف اسکالر مفتی محمد تقی عثمانی کا کہنا ہے کہ دنیا میں انقلاب حکومت نہیں، عوام کے ذریعے آتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ ہم نے زندگی کے ہر شعبے میں مغرب کو آئیڈیل بنا لیا ہے، کون سی قدرتی دولت ہمارے پاس موجود نہیں؟ ہم آج تک جھیل سیف الملوک کے راستے کو پکا نہیں کر پائے۔
خطاب کے دوران مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ انگریز ریلوے کی جو لائن ڈال گئے تھے، اس کے بعد کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ سوال یہ ہے کہ غلطی کہاں ہوئی، جڑ کہاں ہے؟ ہم آئی ایم ایف کے غلام ہیں، اسی کے نتیجے میں آج ہمارا بچہ بچہ قرض دار ہوچکا ہے۔
معروف عالمِ دین مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ ہم آئی ایم ایف کے بغیر نہیں چل سکتے، ان حالات میں سیاسی نظام کے ذریعے اسلامی نظام کا لانا مجھے مشکل لگتا ہے، دنیا میں انقلاب صرف حکومت کے ذریعے نہیں بلکہ عوام کے ذریعے آتے ہیں۔
مذہبی اسکالر مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ ہم سیاسی اور اقتصادی بحرانوں کا شکار ہیں، سیاسی اعتبار سے انتشار میں مبتلا ہیں، اقتصادی اعتبار سے ہم بہت نیچے جا چکے ہیں، حالات کے باعث مایوسی پھیل رہی ہے جتاکہ تاجر برادری سیاست کو درست راستے پر لاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاجر اور عوام فیصلہ کرلیں کہ درآمدی چیزیں استعمال نہیں کرنی تو درآمدات بند ہوجائیں گی۔ ملک کو بے شمار مسائل درپیش ہیں۔ زرِ مبادلہ کی کمی کے باوجود امپورٹس پرپابندی نہیں لگائی گئی جبکہ آئی ایم ایف اس سے روکتا ہے۔
مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ آئی ایم ایف کا کیا مفاد ہے؟ کیونکہ ہم غلام ہیں تو عالمی اداروں کی بات ماننی پڑتی ہے۔ ہم تحریک چلائیں کہ درآمدی چیزیں نہیں منگوائیں گے، اور ایسے دشمنوں کی چیزیں نہیں منگوائیں گے جو مسلمانوں کا گلا کاٹیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








