شہرِ قائد میں موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے لوٹ مار کی اور ڈکیتی مزاحمت کے دوران فائرنگ کرکے امام مسجد کو قتل کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے خیر آباد میں پیش آیا جہاں مسلح ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر مقامی مسجد کے پیش امام حافظ اللہ پر فائرنگ کردی۔
ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے شہری کو چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا
گھر سے دوا لینے کیلئے کلینک جاتے ہوئے موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے امام مسجد کو لوٹنے کی کوشش کی۔ امام مسجد نے مزاحمت کی کوشش کی تو ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کیا اور جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور قتل کی تفتیش شروع کردی۔ جائے واردات کے معائنے کے دوران پولیس نے 9 ایم ایم کی گولی کا خول برآمد کر لیا۔
کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح ملزمان اسٹریٹ کریمنلز تھے۔خیر آباد میں ڈکیتی مزاحمت پر امام مسجد کے قتل کے واقعے کی مزید تفتیش اور ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
ستمبر کے دوران تھانہ کراچی کمپنی کے علاقے میں سیمنٹ کی دکان میں ڈکیتی کی واردات ہوئی، اُس دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے تاجر گل فراز کو چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا جبکہ تاجر کا دوسرا ساتھی محمد نواز ڈاکوؤں کے حملے میں زخمی ہوگیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








