اسلام آباد: نگران وفاقی وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ ہر صوبے میں مقامی حکومتوں کے نظام کا قیام ضروری ہے، بصورتِ دیگر نچلی سطح پر مسائل حل نہیں ہوسکتے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے شہری مسائل کی نشاندہی پر 2روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کا مقصد ملک میں عوام کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرنا ہے۔
خطاب کے دوران نگران وزیرِ اطلاعات نے کانفرنس کے مندوبین کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ مقامی حکومتوں کے قیام کے بغیر نچلی سطح پر مسائل کا حل ناممکن ہے۔ ہمیں شہریوں کے مسائل کا حل تلاش کرنا ہوگا۔
نگران وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ قانون کے تحت ہر صوبے میں مقامی حکومتوں کے نظام کا قیام ضروری ہے۔ حکومت سرکاری و نجی ماہرین اور سول سوسائٹی کو پلیٹ فارم مہیا کر رہی ہے۔
وزیرِ اطلاعات کا 2 روزہ کانفرنس کے انعقاد اور اس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہنا تھا کہ اس کانفرنس کا انعقاد بھی ملک کے اہم ترین شہری مسائل کی نشاندہی کیلئے عمل میں لایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل نگران وفاقی وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے سابق وزیر اعظم کی وطن واپسی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی سے نگران حکومت کا کوئی تعلق نہیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ہمراہ گزشتہ برس پریس کانفرنس کے دوران نگران وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف کا معاملہ عدالتوں میں ہے۔ہمارا کوئی تعلق نہیں اور معلوم نہیں نواز شریف ضمانت کرائیں گے یا نہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








