کے پی کے پولیس نے لکی مروت میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا ہے جبکہ دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے چوکی ریسکیو 15 گنڈی چوک پر رات گئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا۔ پولیس کی بر وقت کارروائی کے نتیجے میں دہشت گرد فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔
چوکی 15 گنڈی چوک کے پولیس اہلکاروں نے 6 دہشت گردوں کی موجودگی کا اندازہ ہوتے ہی بھاری نفری بلا لی۔ دہشت گردوں کو مورچہ زن ہونے سے روک دیا گیا جس پر دہشت گرد فرار ہو گئے۔
ڈی پی او لکی مروت طارق حبیب کا پولیس جوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہنا ہے کہ لکی مروت پولیس پیشہ ور اور دلیر فورس کا نام ہے۔ ہم نے ہمیشہ کٹھن حالات میں فرنٹ لائن پر بھرپور کردار ادا کیا۔
دہشت گردی ناکام بنانے کے حوالے سے ڈی پی او لکی مروت کا مزید کہنا ہے کہ ہمارے حوصلے بلند ہیں اور خیبر پختونخوا پولیس ہر قسم کے حالات کا سامنا کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی لکی مروت میں دہشت گردوں نے حملے کیے ہیں۔ حال ہی میں سیکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے اکتوبر کے دوران ایک بیان میں کہا کہ آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ 4 دہشت گرد ہلاک جب کہ ایک دہشت گرد زخمی ہوگیا جسے سیکیورٹی فورسز نے گرفتار کرلیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








