میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران شیطان کو باندھ دیا جاتا ہے لیکن اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے شیطان باہر آجاتا ہے، ہمارے اندر سے شیطانی خصلت ختم کرنے کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال ایم کیو ایم کی سندھ حکومت میں شمولیت پر تبصرہ نہیں کرسکتے، تاہم میری اطلاع یہ ہے کہ ایم کیو ایم سندھ اسمبلی میں اپنا اپوزیشن لیڈر لانے کی تیاری کر رہی ہے۔
اس دوران ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف علاقوں میں بچت بازار لگاتی ہے لیکن ہمارے ہاں مسئلہ یہ ہے کہ کہیں میں شیطان ہوں اور کہیں آپ شیطان ہیں، ہمیں اپنے اندر سے شیطان کو نکالنا ہوگا۔
گفتگو کے دوران مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ رمضان کا چاند نظر آتے ہی شیطان کو باندھ دیا جاتا ہے۔ مجھے ایسا لگتا ہے کہ قیمتوں کے حوالے سے شیطان باہر آجاتا ہے۔ ہمارے اندر جو شیطانی خصلت ہے، اسے دور کرنا ہوگا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے اس حوالے سے اجلاس کیا تھا۔
ایم کیو ایم ابھی تک اپوزیشن میں ہے، سندھ میں انہوں نے اپوزیشن لیڈر نامزد کیا ہے۔
میئر کراچی بیریسٹر مرتضیٰ وہاب میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں۔ pic.twitter.com/Grr4VSdykn— Pakistan Peoples Party – PPP (@PPP_Org) March 11, 2024
میئر کراچی نے کہا کہ میں وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں موجود تھا جس میں لائحۂ عمل طے کیا گیا۔ ایک اور سوال پر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تاجروں کا بس چلے تو ہر چیز کو مسترد کردیں۔ دکانیں بند کریں تو کہتے ہیں کہ اربوں کا نقصان ہوگیا اور چلیں تو کہتے ہیں کہ ہم تباہ ہوگئے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 5مارچ کو کمشنر نے شائع کیا ہے، اس ریٹ پر عملدرآمد حکومت کی ذمہ داری ہے۔ منافع خور جو مصنوعی مہنگائی کا باعث بن رہے ہیں، جس پر ہم نے ایک قانون منظور کیا جس کے تحت اے سی اور مختیار کار ذخیرہ اندوزی کے خلاف چھاپہ مار سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چھاپہ مار کارروائی کے دوران ان چیزوں کو وہیں سرکاری نرخ پر نیلام کیاجاسکتا ہے۔ ہم ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی کریں گے۔ جن لوگوں کو مسترد کرنا ہے، وہ ایسی چیزوں کو بھی مسترد کردیتے ہیں جن کا عوام کی فلاح و بہبود اور بھلائی سے تعلق ہوتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








