بھارتی ریاست اُتر پردیش کے ہندو انتہا پسند وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف کمنٹ کرنے پر واٹس ایپ گروپ کے مسلمان ایڈمن کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے ہفتہ کے روز بتایا کہ ایک شخص جو واٹس ایپ گروپ چلاتا تھا، اس کا وزیر اعلیٰ کے خلاف ”تضحیک آمیز“ کمنٹ سوشل میڈیا پر منظرعام آیا، جس کے بعد اسے گرفتار لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
بھارتی سپریم کورٹ کشمیریوں کی آخری امید!
کوتوالی پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او اجے کمار سیٹھ نے کہا کہ ریاست کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف ایک تبصرہ 4 اگست کو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار شخص کی شناخت صحاب الدین انصاری کے نام سے کی گئی ہے، جبکہ کمنٹ پوسٹ کرنے والے شخص کی شناخت مسلم انصاری کے نام سے ہوئی ہے، جو ابھی تک فرار ہے۔
اجے کمار سیٹھ نے کہا کہ پولیس کو شکایت 4 اگست کو ٹوئٹر کے ذریعے موصول ہوئی تھی۔ توہین آمیز کمنٹ کا اسکرین شاٹ حاصل کر لیا گیا ہے۔
شکایت کی بنیاد پر صحاب الدین انصاری اور مسلم انصاری کے خلاف آئی پی سی، آئی ٹی ایکٹ اور فوجداری قانون ترمیمی ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق واٹس ایپ گروپ کا نام ’نگر پالیکا پریشد بھدوہی‘ ہے، اس کارپوریٹروں اور دیگر لوگ بھی موجود تھے، جبکہ اس کا مقصد عام لوگوں کو درپیش مسائل کو دور کرنا تھا۔ یہ کارپوریٹروں کا سرکاری واٹس ایپ گروپ نہیں ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








