نادرا کا نیا اقدام! عوامی شکایات کے آن لائن ازالے کیلئے ای کچہری کا آغاز

تازہ ترین

تازہ ترین

NADRA launches e-katchery initiative to address public complaints online
FILE PHOTO

اسلام آباد: قومی ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے عوام کی شکایات گھر بیٹھے حل کرنے کے لیے ای کچہری کے نام سے ایک انقلابی اقدام متعارف کرا دیا ہے۔

قومی شناختی کارڈ اور دیگر شناختی دستاویزات کے اجرا کے مجاز نادرا نے یہ قدم عوامی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا ہے۔

وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایات پر نادرا ریجنل آفس لاہور کے ڈائریکٹر جنرل بدھ 15 اکتوبر کو صبح 11 بجے سے دوپہر 12 بجے تک یوٹیوب پر براہِ راست ای کچہری کا انعقاد کریں گے۔

عوام نادرا کے آفیشل یوٹیوب چینل کے ذریعے اس سیشن میں براہِ راست شامل ہو کر اپنی شکایات، مسائل اور تجاویز پیش کر سکیں گے۔

 

یہ سیشن نادرا ریجنل ہیڈ آفس لاہور کے ڈی جی کے ساتھ براہِ راست رابطے کا موقع فراہم کرے گا جس میں شہریوں کے مسائل سنے جائیں گے اور فوری حل پیش کیا جائے گا۔ مزید معلومات کے لیے شہری فون نمبر 04299232809 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ نادرا نے حال ہی میں صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ڈیجیٹل پیدائش و اموات رجسٹریشن سسٹم بھی متعارف کرایا ہے جس کے تحت ملک بھر کے اسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز میں پیدائش اور اموات کے اندراج کو تیز، شفاف اور مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر نادرا ملک کے رجسٹریشن نظام کو بہتر بنانے اور خامیوں کو دور کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔

یہ تمام اقدامات وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے یکم جنوری 2025 کو منظور کردہ نیشنل بائیومیٹرک اینڈ رجسٹریشن پالیسی فریم ورک کا حصہ ہیں۔

Related Posts