کوہ پیما نائلہ کیانی لڑکیوں کی تعلیم کی خیر سگالی سفیر مقرر

تازہ ترین

تازہ ترین

نائلہ کیانی
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر قیادت وفاقی حکومت نے معروف کوہ پیما نائلہ کیانی کو لڑکیوں کی تعلیم کیلئے قومی خیر سگالی سفیر مقرر کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ستارہ امتیاز کا اعزاز اپنے نام کرنے والی نائلہ کیانی نے ایک اور قومی اعزاز اپنے نام کر لیا۔ وفاقی وزارتِ تعلیم نے خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی کو لڑکیوں کی تعلیم کیلئے قومی خیر سگالی سفیر مقرر کیا ہے جس کا مقصد لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینا ہے۔

توقع کی جارہی ہے کہ بطور خیر سگالی سفیر نائلہ کیانی کوہ پیمائی کے ساتھ ساتھ اپنی میڈیا سے گفتگو میں لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت بھی اجاگر کرتی نظر آئیں گی۔ نائلہ کیانی 8 ہزار میٹر سے زائد کی 14 بلند ترین چوٹیوں میں سے 11 کو سرکرنے والی واحد پاکستانی خاتون ہیں۔

وفاقی وزارتِ تعلیم کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کرنے والی نائلہ کیانی کی بطور قومی خیر سگالی سفیر تقرری خواتین کو تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانے کے عزم کا ثبوت ہے۔ نائلہ کیانی سفیر کی حیثیت سے ملک بھر میں لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت کو فروغ دیں گی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں تعلیم کی صورتحال بالعموم اور لڑکیوں اور خواتین کی تعلیم بالخصوص زبوں حالی کا شکار ہے۔ سب سے زیادہ براحال پاکستان میں دیہات کا ہے جہاں تعلیم کیلئے داخلہ لینے والے بچوں میں سے صرف 28 فیصد لڑکیاں اور باقی 72فیصد لڑکے ہوتے ہیں۔

Related Posts