اسپیکر کی زیر صدارت 14 نکاتی ایجنڈے پر غور کیلئے قومی اسمبلی اجلاس آج ہوگا

تازہ ترین

تازہ ترین

قومی اسمبلی
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا جس کا 14 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں قومی اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر 4 بجے ہوگا جس میں 14 نکاتی ایجنڈے پر غور و خوض اور فیصلے کیے جائیں گے۔ ادارۂ شماریات کی تنظیم سے متعلق آرڈیننس پیش کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:

قومی اسمبلی میں بجٹ کب پیش کیا جائے گا؟

ایوانِ زیریں سے پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں پر ڈیڈ لاک

اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی اجلاس میں ای او بی آئی کے پنشنرز کی پنشن نہ بڑھنے پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا جائے گا۔ وفاقی وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل ایوان میں 2 سہ ماہی رپورٹس پیش کریں گے۔

راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی اجلاس میں پمز کے ہاؤس جاب ملازمین کو وظیفہ نہ ملنے کے خلاف توجہ دلاؤ نوٹس اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی جانب سے روڈ سیفٹی پر رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کرنے کیلئے شیڈول طے کرلیا گیا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ بجٹ سیشن یکم جون سے شروع ہو کر پورا مہینہ جاری رہے گا، بجٹ سےقبل قومی اسمبلی کا اجلاس  بھی بلایا جائے گا۔

قومی اسمبلی کا بجٹ سے قبل اجلاس بلا کر پارلیمانی ایام پورے کیے جائیں گے۔ذرائع کا گزشتہ ماہ کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کا اگلا اجلاس عید کے بعد 9 مئی کو (آج) ہوگا۔ رواں پارلیمانی سال کا آٹھواں سیشن 16 مئی کو ملتوی ہوگا۔

Related Posts