قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس آج، بڑے معاشی اہداف کی منظوری متوقع

تازہ ترین

تازہ ترین

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت 13 رکنی قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس آج ہو گا جس میں سالانہ ترقیاتی پلان سمیت بڑے معاشی اہداف کی منظوری متوقع ہے۔

بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس آج بروز پیر وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوگا جس میں چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ، ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر معاشی امور احد چیمہ اور دیگر شریک ہوں گے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق قومی اقتصادی کونسل اجلاس میں آئندہ مالی سال کا ترقیاتی پروگرام منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا جبکہ اجلاس میں رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔نئے مالی سال 2025-2024 کے معاشی اہداف کی منظوری دی جائے گی۔ 13ویں 5سالہ پلان کو بھی منظور کیلئے پیش کیا جائے گا۔

وفاقی حکومت آئندہ مالی سال کے لیے معاشی شرح نمو کا ہدف 3.6 فیصد رکھنے کی تجویز پر غور کر رہی ہے۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق رواں مالی سال  معاشی شرح نمو کا ہدف 3.5 فیصد مقرر کیا گیا تھا جبکہ نئے مالی سال میں اوسط مہنگائی کا ہدف12 فیصد مقرر کرنے کی تجویز ہے۔ حکومت نے اوسط مہنگائی کا ہدف 21 فیصد مقرر کیا تھا۔

حکومت نئےمالی سال کیلئے زرعی شعبے کا ہدف 2 فیصد مقرر کرنے کی تجویز پر غور کرے گی۔  وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں اقتصادی پالیسی سازی سے متعلق اعلیٰ ترین آئینی فورم چھ نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گا۔تیرہ رکنی کمیٹی میں چار وزرائے اعلیٰ کے علاوہ 4 وفاقی وزراء اور متعلقہ صوبوں سے چار صوبائی کابینہ اراکین کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

گزشتہ برس کے مقابلے میں آئندہ سال کے لیے شرح نمو کا ہدف 3.6 فیصد تجویز کیا گیا ہے جس میں زرعی شعبے میں دو فیصد، صنعتی شعبے میں 4.4 فیصد اور خدمات کے شعبے میں 4.1 فیصد اضافے کی تجویز زیرغور ہوگی۔بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق زرعی شعبے میں معمول سے کم بارش اور پانی کی کمی کے باعث اہم فصلوں کی پیداوار 4.5فیصد تک کم ہوسکتی ہے۔

Related Posts