لاہور: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کمپنیوں کے خلاف اوور بلنگ کے جرم میں کارروائی شروع کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیپرا نے اوور بلنگ کی مرتکب بجلی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کے پہلے مرحلے میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے خلاف کارروائی شروع کردی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر نیپرا کا بیان سامنے آگیا۔
نیپرا کے ایڈیشنل ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ لیسکو کے تمام ڈویژنز کا اوور بلنگ کا ڈیٹا طلب کر لیا گیا ہے، رواں ماہ 27فروری تک تمام ڈویژنز میں اوور بلنگ کا ڈیٹا فراہم ہوجائے گا جس کی روشنی میں کارروائی ہوگی۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر نیپرا نے کہا کہ ڈیٹا کی روشنی میں شروع ہونے والی کارروائی کے دوران اوور بلنگ میں ملوث افسران اور اہلکاروں کو فیلڈ سے ہٹا دیں گے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں اوور بلنگ کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت، شاہ پور، چونیاں، قصور، شالیمار، پھول نگر اور شاہدرہ میں اوور بلنگ ہوئی۔ خیال رہے کہ کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں اوور بلنگ کے باعث شہریوں کا جینا محال ہوچکا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








