صنعاء: یمن میں انسانی حقوق کی تنظیم نے انکشاف کیا ہے کہ حوثی ملیشیا نے صنعا میں متعدد عمارتوں کو خواتین کی جیلوں میں تبدیل کر دیا جہاں انہیں وحشیانہ عقوبت کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انسانی تجارت کے انسداد سے متعلق غیر سرکاریمنی تنظیم نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ اسے جیلوں اور عقوبت خانوں میں زیر حراست خواتین کو درپیش وحشیانہ معاملے کے حوالے سے خوف ناک نوعیت کی مصدقہ شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔
بیان کے مطابق ان بھیانک جرائم کے مرتکب بے رحم افراد انسانیت اور آدمیت سے عاری ہو گئے اور انہوں نے کمزور خواتین کی اذیت رسانی سے مزے لیے۔بیان میں واضح کیا گیا کہ حوثی ملیشیا کی معروف قیادت کے زیر انتظام مذکورہ خفیہ جیلوں اور عقوبت خانوں میں زیر حراست خواتین کو جسمانی اور جنسی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔
تنظیم کا کہنا تھا کہ بعض خواتین تشدد، اذیت رسانی اور منظم طور پر تذلیل کا نشانہ بننے کے سبب بدترین نفسیاتی حالت کا شکار ہو گئیں۔ تنظیم نے ان حالتوں کی تصدیق کی ہے۔اس کے علاوہ جیلوں میں موجود متعدد خواتین نے خود کشی کی بھی کوشش کی جب کہ بعض خواتین بے رحمانہ وحشیانہ تشدد کے سبب جسمانی معذوری سے دوچار ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں: فلپائن میں فان فون نامی سمندری طوفان نے 28افراد کی جان لے لی
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








