ریسنگ کار پر ندا یاسر کی ویڈیو وائرل، سوشل میڈیا صارفین کی بھرپور تنقید

تازہ ترین

تازہ ترین

مشہورومعروف ٹی وی میزبان و اداکارہ ندا یاسر کو ریسنگ کار فارمولا 1 پر ماضی کی ایک ویڈیو وائرل ہونے پر سوشل میڈیا صارفین کی بے رحمانہ تنقید کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مارننگ شو کی میزبان ندا یاسر نے 2016 میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے 2 نوجوان طلبہ کو اپنے شو میں آمد کی دعوت دی جنہوں نے فارمولا 1 ریسنگ کار (ماڈل) تخلیق کی تھی جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

مارننگ شو میں نسٹ کے طلبہ محمد شارق وقار اور عبدالعلیم کو دعوت دی گئی جن پر میزبان ندا یاسر کے سوالات سے حیرتوں کے پہاڑ ٹوٹ پڑے۔ پہلے تو یہ سوال کیا گیا کہ اس گاڑی میں کتنے لوگ آسکتے ہیں؟ جواب ملا کہ صرف ایک ہی شخص بیٹھ سکتا ہے۔

میزبان ندا یاسر نے کہا کہ آپ نے شروعات صرف ایک سیٹ سے کی ہے، اس کا مطلب ہے کہ یہ چھوٹی گاڑی ہے؟ شارق اور عبدالعلیم نے کہا کہ فارمولا ایک ریسنگ کی گاڑی ہوتی ہے جس میں ایک ہی شخص بیٹھ سکتا ہے کیونکہ یہ فارمولا ہے۔

تاہم ٹی وی میزبان کو یہ بات سمجھ میں نہ آسکی۔ ندا یاسر نے کہا کہ ابھی آپ نے فارمولا بنایا ہے۔ طلبہ نے سمجھایا کہ نہیں، ہم فارمولے کی بات نہیں کر رہے بلکہ فارمولا کار کی بات ہورہی ہے، ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید کی۔ 

مختصر دورانیے کی ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ندا یاسر کو فارمولا کار کا تصور ہی سمجھ میں نہیں آسکا، پھر بھی انہیں نسٹ کے طلبہ کا انٹرویو لینے کا فریضہ سونپنا نجی ٹی وی چینل کی جانب سے غیر ذمہ داری کا ثبوت قرار دیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان کی ڈبل رول فلمز کے ماہر ہدایت کار ایتلی کے ہمراہ شوٹنگ

Related Posts