سندھ: بلدیاتی ضمنی انتخابات، کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل، پولنگ کب ہوگی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

بلدیاتی ضمنی انتخابات
(فوٹو: آن لائن)

کراچی: صوبہ سندھ کے 26 اضلاع میں 76 بلدیاتی نشستوں پر الیکشن ہوگا، بلدیاتی ضمنی انتخابات کیلئے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی۔

نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق سندھ کے بلدیاتی ضمنی انتخابات کیلئے 440 امیدواروں نے نامزدگی فارم جمع کرائے تھے جن میں سے 388 درست قرار دے کر منظور جبکہ 52 مسترد کردئیے گئے ہیں۔ صوبے کے 5 اضلاع کے 10 امیدواروں کو بلا مقابلہ کامیاب قرار دے دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ضمنی انتخابات کیلئے ریٹرننگ افسران کے جاری کردہ فارم 7 کے مطابق جن 388 امیدواروں  کے کاغذاتِ نامزدگی منظور ہوئے، ان میں کراچی کے 6 اضلاع کے 85 جبکہ دیگر 14اضلاع کے 303 امیدوار شامل ہیں۔ مسترد کیے گئے کاغذات میں سے 11 کا تعلق کراچی جبکہ 42 کا دیگر اضلاع سے ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ حیدر آباد، میر پور خاص، سانگھڑ، کشمور اور شکارپور کی 10 بلدیاتی نشستوں کے امیدواروں کو بلا مقابلہ کامیاب قرار دے دیا گیا۔ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیل دائر کرنے کیلئے آخری تاریخ 21 اکتوبر ہوگی ، فیصلے 25 اکتوبر تک سنا دئیے جائیں گے۔

اگلے ہی روز 26اکتوبر کو امیدواروں کی نظرِ ثانی شدہ فہرست آویزاں کردی جائے گی۔ فہرست آویزاں کیے جانے کے بعد امیدوار 28 اکتوبر تک اپنی نامزدگی سے دستبرداری کا فیصلہ کرسکتے ہیں جس کی درخواست دینا ہوگی۔ 29 اکتوبر کو انتخابی نشانات الاٹ ہوں گے جبکہ 16 نومبر کو پولنگ کا دن مقرر کیا گیا ہے۔

Related Posts