وفاقی حکومتِ نے ملک میں جاری کفایت شعاری اقدامات اور ایندھن کی بچت کی کوششوں کے تحت موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر رفتار کی حد کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ فیصلہ وزیرِ اعظم کی ہدایات کے بعد کیا گیا ہے جس کا مقصد ملک بھر میں توانائی کے مؤثر استعمال کو فروغ دینا اور ایندھن کی بچت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
نئے قوانین کے تحت موٹرویز پر کاروں اور لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکلز (LTVs) کی زیادہ سے زیادہ رفتار اب 100 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی جوکہ پہلے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ اسی طرح مسافر گاڑیوں (PSVs) اور ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکلز (HTVs) کی رفتار موٹرویز پر 110 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم کرکے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کر دی گئی ہے۔
قومی شاہراہوں پر بھی رفتار کی حد کم کر دی گئی ہے۔ کاروں اور LTVs کے لیے زیادہ سے زیادہ رفتار 80 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی (جو پہلے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی) جبکہ PSVs اور HTVs اب 65 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار سے نہیں چل سکیں گے جو پہلے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔
ان نئے قوانین کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ملک بھر میں آگاہی مہم شروع کر دی ہے تاکہ مسافروں کو نئی رفتار کی حدود کے بارے میں بتایا جا سکے اور ان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ایندھن کی کھپت کم کرنا، سڑکوں پر حفاظت کو بہتر بنانا اور حکومت کے وسیع تر توانائی بچت کے اہداف کی حمایت کرنا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








