چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے خلاف مزید ایک ایک مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق عمران خان کے خلاف مقدمہ تھانہ آبپارہ میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کا درج کیا گیا ہے، مقدمے میں تحریک انصاف کے 17 رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق مقدمے میں مراد سعید، فواد چوہدری ، فیصل جاوید، اسدعمر، راجہ خرم نواز، علی نواز اعوان سمیت شیخ رشید بھی مقدمے میں نامزد کیےگئے ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق عمران خان سمیت پی ٹی آئی قیادت نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی ، عمران خان کی ایما پر پی ٹی آئی رہنماؤں اور تقریباً 1 ہزار افراد نے سڑک بلاک کی، عمران خان اور پی ٹی آئی رہنماؤں نے لاؤڈ اسپیکرکا بھی استعمال کیا۔
عمران خان کے خلاف مقدمہ اسلام آباد پولیس کے اے ایس آئی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
دوسری طرف تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے خلاف غیرلائسنس شدہ اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق شہباز گل کا بیان ہے پستول اس کے ملازم کا ہے اوراس کا لائسنس بھی ہے، شہباز گل کوملازم کولائسنس سمیت پیش کرنے کی ہدایت کی تھی لیکن وہ اب تک ملازم اورنائن ایم ایم پستول کا لائسنس پیش نہیں کرسکے۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ شہبازگل نےاسلحہ بغیرلائسنس واجازت نامہ رکھ کرجرم کا ارتکاب کیا۔
پولیس کے مطابق شہباز گل پارلیمنٹ لاجز کے کمرے سے برآمد پستول کا لائسنس پیش نہیں کرسکے، انہیں برآمد پستول کا لائسنس پیش کرنے کیلئے 12 گھنٹوں کی مہلت دی گئی تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ شب اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ لاجز میں شہباز گل کے کمرے پر چھاپہ مارا تھا جہاں سے سیٹیلائٹ فون اور پستول سمیت کئی اشیا برآمد کی گئی تھیں۔