پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے تمام بڑے نجی اسپتالوں میں صحت سہولت پروگرام کے تحت ہونے والے دل کے آپریشنز بند کرنے کا فیصلہ کردیا گیا۔
تمام بڑے نجی اسپتالوں میں صحت کارڈ کے ذریعے دل کی اوپن ہارٹ سرجری بند ہونے کے باعث مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ایسوسی ایشن آف کارڈیو سرجن کے چیئرمین ڈاکٹراعظم جان نے بتایا کہ نجی اسپتالوں میں دل کے آپریشن بند کرنے کی وجہ ڈالر کا مہنگا ہونا ہے، جس کی وجہ سے دل کی سرجری کے آلات بھی مہنگے ہو گئے ہیں۔
ڈاکٹر اعظم جان کا کہنا ہے کہ دل کے آپریشن کے لیے صحت کارڈ میں 2 لاکھ 80 ہزار روپے مختص ہیں، جبکہ اوپن ہارٹ سرجری پر 5 سے 6 لاکھ روپے کا خرچ آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ میں امراض قلب کے علاج کے لیے مختص رقم بڑھائی جائے۔
دوسری جانب ڈائریکٹر صحت سہولت پروگرام ڈاکٹر محمد ریاض تنولی نے بتایا کہ اسپتالوں میں امراض قلب کے آپریشن ہورہے ہیں، ڈاکٹرز کی فیسوں کا مسئلہ ہے جسے جلد حل کر لیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








