زومبی سے بچنے کیلئے والدین بچوں کو پرسکون مقام پر لے گئے لیکن؟ خوفناک فلم آؤٹ سائیڈ کا ٹریلر دیکھئے

تازہ ترین

تازہ ترین

آؤٹ سائیڈ
(فوٹو: نیٹ فلکس)

آن لائن ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر خوف و دہشت سے بھرپور ہارر فلم آؤٹ سائیڈ کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے جس میں والدین زومبیز سے بچنے کیلئے بچوں کو پرسکون مقام پر لے جاتے ہیں۔

زومبی دراصل ایک ایسی مخلوق کا نام ہے جسے زندہ اور مردہ انسانوں کے درمیان قرار دیا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ ایسی فلموں کا مرکزی خیال یہ ہوتا ہے کہ کوئی وائرس پھیل گیا ہے یا پھیلا دیا گیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی بڑی تعداد زومبی میں تبدیل ہوگئی جو کچھ اور نہیں بلکہ اپنے جیسے انسانوں کوکھاتے ہیں۔

ایک اور خوفناک تصور یہ ہے کہ جن افراد کو یہ زومبی کاٹ لیتے ہیں وہ بھی انہی کی طرح زومبی بن جاتے ہیں جن کا انجام بھیانک موت ہوتا ہے کیونکہ ایک جانب تو عوام کی بڑی تعداد زومبی افراد کو واجب القتل سمجھتی ہے کیونکہ ان کا مرض قابلِ علاج نہیں ہوتا اور دوسری جانب اگر کوئی انہیں قتل نہ بھی کرے تو وائرس انہیں مارڈالتا ہے۔

زومبی کے تصور پر مبنی بہت سی فلمیں پہلے بھی بنائی جاچکی ہیں جن میں ہالی ووڈ سرفہرست ہے جبکہ بالی ووڈ نے اس تصور پر کم ہی کام کیا ہے کیونکہ یہاں خوفناک فلموں کے دلدادہ فلم بین تعداد کے لحاظ سے کم ہیں تاہم یورپی ممالک میں خوفناک فلمیں دیکھنے والے افراد نسبتاً زیادہ ہوتے ہیں کیونکہ وہ ان کی اہمیت سمجھتے ہیں۔

اگر آپ کا دل کمزور نہیں تو خوفناک فلمیں دیکھنے میں کوئی ہرج نہیں۔ آؤٹ سائیڈ بھی ایک ایسی ہی کہانی ہے جس کا ٹریلر آج ریلیز کیا گیا ہے۔ یہ فلم نیٹ فلکس پر آئندہ ماہ 17اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی جس کے ٹریلر میں ماں باپ کو بچوں کو زومبیز سے بچانے کیلئے ایک فارم ہاؤس کا رخ کرتے دیکھا جاسکتا ہے جو بظاہر ایک پرسکون مقام ہے۔

لیکن ہوتا کچھ یوں ہے کہ فلم کے مختلف مناظر میں وہی قتل و غارت کا کھیل شروع ہوجاتا ہے۔ ماں باپ یا تو زومبیز کو مار ڈالتے ہیں یا پھر خود بھی زومبی بن جاتے ہیں کیونکہ متعدد مقامات پر والد کی گھڑی پر خون، کبھی گاڑی پر خون تو کبھی والد کو ایک گڑھا کھودتے دکھایا گیا ہے۔ ٹریلر سےصاف ظاہر ہے کہ والدین کو بچوں کو بچانے کیلئے خود قاتل بننا پڑتا ہے۔

 

Related Posts