دوطرفہ دوستی کا شاندار اظہار، پاکستان کی سر جڑی بہنوں کا آپریشن ترکیہ میں کامیاب

تازہ ترین

تازہ ترین

پاک ترکیہ دو طرفہ دوستی کا شاندار اظہار سامنے آیا ہے، ترک صدر رجب طیب اردوان کی ہدایت پر پاکستان کی سر جڑی بہنوں کا آپریشن ترکیہ میں کامیاب ہوگیا۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کی رہائشی منال اور مرہا کو ترکیہ میں کامیاب آپریشن کے بعد علیحدہ کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ دونوں بہنیں سر جڑے ہونے کے باعث اذیت ناک زندگی گزارنے پر مجبور تھیں، طویل آپریشن کے بعد معجزانہ طور پر دونوں بچیاں الگ الگ ہوگئیں۔

رپورٹ کے مطابق دونوں جڑواں بہنوں کی عمر 11 ماہ ہے جنہیں ترکیہ میں کامیاب آپریشن کے بعد علیحدہ کردیا گیا۔ بچیوں کے والدین نے بچیوں کا علاج ترکیہ میں کرنے کی اپیل کی تھی، جس پر ترک سدر رجب طیب اردوان نے بچیوں کا علاج ترکیہ میں کرنے کی ہدایت دے دی۔

عالمی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بچیوں کو الگ کرنے کیلئے 2 آپریشن کرنے پڑے، 19 جولائی کو دوسرا آپریشن ہوا تھا جس کی طوالت 14 گھنٹے رہی، جڑواں بہنوں کو علیحدہ کرنے کے آپریشن میں ڈاکٹرز اور طبی عملے سمیت 60 افراد کی ٹیم نے کاوشیں انجام دیں۔

کامیاب آپریشن پر بچیوں کے والدین خوشی سے نہال ہیں۔ انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان، طبی عملے، ڈاکٹرز اور علاج میں شامل تمام افراد کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ آپریشن کی کامیابی پر ترکیہ اور پاکستان کے عوام بھی خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

Related Posts