چاغی: طوفانی بارش کے باعث پاک ایران ریلوے ٹریک برساتی پانی میں ڈوب گیا جس کے نتیجے میں ریل سروس معطل کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق طوفانی بارشوں کے باعث ریل سروس (مال گاڑی) کو معطل کرنا پڑا۔ ریلوے حکام کے مطابق ریلوے ٹریک برساتی پانی میں ڈوب جانے کے باعث سروس معطل ہوئی۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ برساتی پانی کھڑا ہونے کے نتیجے میں 10 کلومیٹر کا علاقہ بری طرح متاثر ہوا۔ پاک ایران ریل سروس کی بحالی میں 3 سے 4 دن کا عرصہ درکار ہے۔
پاکستان اور ایران کے مابین زمینی راستے سے تجارت کا عمل ریلوے ٹریک ڈوب جانے اور سروس کی معطلی سے متاثر ہورہا ہے۔ مون سون سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی ملک بھر میں نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں بارش کے پیش نظر تمام ذمہ داران کو فیلڈ میں رہنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت گزشتہ روز مون سون کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراء، شبیر بجارانی، ناصر شاہ، فیض ڈیرو، مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، سینئر ممبر بورڈ آف ریوینو، ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور کمشنر کراچی شریک ہوئے۔
مزید پڑھیں: کراچی میں بارش، وزیراعلیٰ کی ذمہ داران کو فیلڈ میں رہنے کی ہدایت
قبل ازیں محکمۂ موسمیات نے 15 جولائی سے مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی کی تھی، تاہم ملک بھر میں بارشوں کا دھواں دھار سلسلہ 3 روز قبل شروع ہوا۔
ایک مختصر سے موسمِ گرما کے بعد کراچی کا موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق ہلکی اور معتدل بارش کا سلسلہ ملک بھر میں وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے جبکہ رات کے وقت تیز بارش کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: کیا ہم بارش سے ہونے والے نقصانات پر قابو پانے کیلئے تیار ہیں؟
آج سے 3روز قبل محکمۂ موسمیات نے الرٹ جاری کیا کہ مون سون کی بارشوں کے دوران ملک کے مختلف دریاؤں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔
مون سون کی بارشوں کے دوران دریائے چناب میں سیلاب کا خدشہ سامنے آیا۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا تھا کہ مرالہ کے مقام پر پانی کی سطح 2 سے 3 لاکھ کیوسک تک ہوسکتی ہے۔
مزید پڑھیں: بارشوں سے مختلف دریاؤں میں سیلاب کا خطرہ،محکمۂ موسمیات کا الرٹ جاری
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








