بھارتی غرور خاک، پاکستان نے 12 قیمتی ڈرونز مار گرائے، ڈی جی آئی ایس پی آر

تازہ ترین

تازہ ترین

ISPR DG Lt. Gen. Ahmed Sharif to address key press conference in Peshawar tomorrow
FILE PHOTO

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اہم پریس کانفرنس میں انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے گزشتہ رات پاکستان کی فضائی حدود کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے مختلف شہروں میں 12 ڈرونز داخل کیے، جنہیں پاک فوج نے بھرپور دفاعی کارروائی کرتے ہوئے مار گرایا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی ڈرونز کو کراچی، لاہور، گوجرانوالہ، میانوالی، بہاولپور، چھور اور چکوال سمیت مختلف علاقوں میں بھیجا گیا۔ ان ڈرونز کی بروقت شناخت اور مؤثر جواب دہی کے باعث ان کی کارروائیاں مکمل طور پر ناکام بنا دی گئیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران لاہور میں ایک ڈرون حملے سے پاک فوج کے چار جوان زخمی ہوئے جبکہ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں ایک شہری شہید اور ایک زخمی ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی طرف سے مسلسل جارحانہ اقدامات، خصوصاً پاکستانی حدود میں ڈرون بھیجنا اور حملے کرنا، بین الاقوامی قوانین اور علاقائی امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستانی فوج ہر قسم کی دراندازی کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ بھارت کی مسلسل اشتعال انگیزیوں کا مقصد خطے میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے مگر پاک فوج ہر محاذ پر چوکس ہے۔

ترجمان پاک فوج نے ملک بھر کے عوام کو یقین دلایا کہ مسلح افواج ہر قیمت پر پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور سرحدوں کا تحفظ یقینی بنائیں گی اور دشمن کو ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

Related Posts