بھارت میں ہولناک تباہی، پاک فوج نے 7 سالہ ارتضیٰ کی شہادت کا بدلہ کیسے لیا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

Pakistan Army warns of harsher response if India repeats past mistakes: ISPR DG
ONLINE

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ملک کی یکجہتی، قوت اور امن کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے ماضی جیسی مہم جوئی کی تو پاکستان کا ردعمل پہلے سے زیادہ سخت اور فیصلہ کن ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ بھارت یہ سمجھ بیٹھا تھا کہ وہ حملہ کرے گا اور پاکستان خاموش رہے گا مگر پوری قوم ایک دیوار کی مانند متحد ہو کر کھڑی ہو گئی اور بھارت کی حکمت عملی کی کمزوریاں یکے بعد دیگرے بے نقاب ہو گئیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کسی داخلی تقسیم کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے سمجھا کہ عوام اور فوج میں فاصلے ہیں لیکن ایسا کبھی نہیں ہوا۔ یہ قوم اور اس کی فوج ہمیشہ ایک ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے انکشاف کیا کہ بھارت کی جارحیت کے جواب میں پاکستان کی قیادت نے دشمن کے اندر 26 مقامات کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے مظفرآباد کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ جب سات سالہ ارتضیٰ بھارتی توپخانے کی گولہ باری سے شہید ہوا تو ہم نے اسی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو تباہ کر دیا جس نے گولہ باری کا حکم دیا تھا۔

انہوں نے مزید کہاکہ چھ اور سات تاریخ کو بھارت کے کئی فضائی اڈوں سے جہاز اُڑے اور انہوں نے پاکستانی بچوں کو نشانہ بنایا، جس کے جواب میں ہم نے انہی فضائی اڈوں کو نشانہ بنایا اور انہیں تباہ کر دیا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان نے اپنی جوابی کارروائی کے دوران کبھی کسی شہری آبادی، عبادت گاہ یا بنیادی ڈھانچے کو نشانہ نہیں بنایا۔ کیا ہماری افواج نے کسی مندر، آبادی یا شہری عمارت پر حملہ کیا؟ نہیں۔ ہم امن پسند ہیں اور امن کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر بھارت نے دوبارہ ایسی غلطی کی تو اس بار جواب کہیں زیادہ سخت ہوگا۔

علاقائی دہشت گردی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’پاکستان میں ہونے والے ہر دہشت گرد حملے کے پیچھے بھارت کا چہرہ نمایاں ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ جو لوگ مساجد میں بم دھماکے کرتے ہیں اور معصوموں کو قتل کرتے ہیں، ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، نہ ہی وہ خیبر پختونخوا کے عوام کی روایات کے امین ہیں۔ یہ دہشت گرد بھارت کے ایجنٹ ہیں۔

انتہاپسند نظریات پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’جب خوارج کے رہنما یہ کہتے ہیں کہ شریعت غیر مسلموں سے مدد لینے کی اجازت دیتی ہے، تو وہ گمراہ کرتے ہیں۔ اسلام میں حق اور باطل کا امتزاج ممکن نہیں۔ اسلام اور خوارج ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔‘‘

انہوں نے خوارجی گروہوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ’’تم بھارت سے مدد مانگتے ہو، اسی بھارت سے جو کشمیری بچیوں کی عزت پامال کرتا ہے۔ تم پر افسوس ہے۔‘‘

پاک افغان تعلقات پر بات کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا، ’’افغانستان ہمارا برادر اسلامی ہمسایہ ہے۔ پختون تمہارا بھائی ہے۔ مسئلہ ان افغان اشرافیہ کے ساتھ ہے جو بھارت کے ہاتھوں خریدے گئے ہیں۔‘‘

انہوں نے افغان عوام سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردوں کو پناہ نہ دیں اور خود کو بھارت کی پالیسی کا آلہ کار نہ بنائیں۔

اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے خیبر پختونخوا کے بہادر عوام اور قبائل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ’’وقت پھر آ گیا ہے، کشمیر بنے گا پاکستان۔

Related Posts