اسلام آباد: یومِ پاکستان آج ملک بھر میں ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے جو ہر سال 23 مارچ کے روز قراردادِ پاکستان 1940ء کی منظوری کی یاد میں منایا جاتا ہے۔قوم بانئ پاکستان کے عزم و ولولے کو یاد کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق بانئ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے ہندوؤں سے الگ آزا د وطن حاصل کیا۔ تحریکِ آزادی میں قراردادِ پاکستان کی منظوری کو اہم سنگِ میل سمجھا جاتا ہے۔
رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، جمعرات کو پہلا روزہ
قراردادِ پاکستان لاہور کے تاریخی منٹو پارک میں 23 مارچ 1940ء کو پیش کی گئی جہاں بعد ازاں یادگار کے طور پر مینارِ پاکستان کی تعمیر عمل میں لائی گئی۔ یومِ پاکستان کی مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔
ملک بھر میں یومِ پاکستان کی یاد میں ملی نغموں کی تقاریب، جلسے جلوس اور ریلیوں سمیت مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ سرکاری اور نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا جائے گا۔
آج دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ نمازِ فجر کے اجتماعات میں مادرِ وطن کے استحکام و سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
سرکاری و نجی ٹی وی چینلز نے بھی یومِ پاکستان کے حوالے سے خصوصی دستاویزی پروگرام نشر کرنے کا اہتمام کیا ہے۔ ریڈیو اسٹیشنز اور دیگر ذرائع ابلاغ بھی یومِ پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔
ہر سال یومِ پاکستان کے موقعے پر کراچی میں بانئ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح جبکہ لاہور میں حکیم الامت علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








