پاکستان اور بھارت کی ابھرتی ہوئی کرکٹ ٹیمیں ایک بار پھر میدان میں مدِ مقابل آنے جا رہی ہیں کیونکہ ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز چیمپئن شپ 2025 کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایشیائی ممالک کے نوجوان کرکٹرز کے درمیان یہ ایونٹ اگلے ماہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کھیلا جائے گا۔
اے سی سی نے سابقہ ایمرجنگ ایشیا کپ کا نام تبدیل کر کے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز رکھ دیا ہے، جو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 14 سے 23 نومبر تک منعقد ہوگا۔
ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 15 میچز کھیلے جائیں گے جن میں وہی آٹھ ٹیمیں شریک ہوں گی جو گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ایشیا کپ میں حصہ لے چکی ہیں۔ ان ٹیموں میں پاکستان، بھارت، افغانستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، عمان، متحدہ عرب امارات، اور ہانگ کانگ شامل ہیں۔
ٹورنامنٹ کے گروپ اس طرح تشکیل دیے گئے ہیں۔
گروپ اے : بنگلہ دیش A، افغانستان A، سری لنکا A، ہانگ کانگ
گروپ بی : پاکستان A، بھارت A، متحدہ عرب امارات، عمان
پاکستان اے اور بھارت اے کا مقابلہ 16 نومبر کو گروپ مرحلے میں ہوگا۔ چونکہ اس ایونٹ میں سپر فور مرحلہ شامل نہیں، اس لیے دونوں ٹیموں کے درمیان زیادہ سے زیادہ دو میچز ممکن ہیں ایک گروپ مرحلے میں اور دوسرا فائنل میں، اگر دونوں ٹیمیں وہاں تک پہنچیں۔
ہر گروپ کی دو بہترین ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی جبکہ فائنل 23 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ ایڈیشن میں افغانستان اے نے سری لنکا اے کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








