اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کی دعوت دے دی ہے۔ پاکستان عالمی تنظیم کے اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس رواں برس 15 اور 16 اکتوبر کو پاکستان میں منعقد ہوگا۔ پاکستان کے علاوہ بھارت بھی شنگھائی تنظیم کا رکن ہے۔ پاکستان نے بھارت سمیت تمام رکن ممالک کے سربراہانِ مملکت کو دعوت نامے ارسال کردئیے۔
بین الاقوامی شنگھائی تعاون تنظیم میں چین، بھارت، قازقستان، کرغزستان، پاکستان، روس، تاجکستان، ازبکستان اور2023 میں تنظیم میں شمولیت اختیار کرنے والا ملک ایران بھی شامل ہے۔ پاکستان نے رکن ممالک کو دعوت نامے اجلاس کے میزبان ملک کی حیثیت سے بھیجے ہیں۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام رکن ممالک کے سربراہان کو دعوت نامے بھجوا دئیے گئے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی بھی بھارت کے سربراہِ مملکت کی حیثیت سے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شریک ہوں گے جس کی دعوت دے دی گئی۔
تاحال بھارت کی جانب سے پاکستان کے دعوت نامے اور شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے متعلق فیصلہ سامنے نہیں آیا، تاہم بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اپنی جگہ کسی اور وزیر کو بھیجنا چاہتے ہیں۔
اس سے قبل سال 2015 میں بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے قیام کا مقصد رکن ممالک کے معاشی و اقتصادی پہلوؤں سمیت خطے کی صورتحال پر تعاون کو فروغ دینا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








