پاکستانی حکومت نے حال ہی میں ملک میں شہریوں کی آن لائن سرگرمیوں کی نگرانی اور ان پر نظر رکھنے کے لیے اپنی نگرانی کی کوششوں کو تیز کرنا شروع کر دیا ہے۔
گزشتہ ماہ پاکستانی اداروں کو شہریوں کی فون کالز کو کھلے عام سننے، واٹس ایپ پیغامات کو روکنے کی اجازت ملی تھی جبکہ پی ٹی اے نے حال ہی میں سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کے لیے فائر وال کی آزمائش بھی مکمل کی۔
پرو پاکستانی کی رپورٹ کے مطابق اگرچہ زیادہ تفصیلات تو نہیں مل سکیں کہ پاکستان ایسا کرنے کے لیے کون سا سافٹ ویئر استعمال کر رہا ہے یا یہ کیسے کام کر رہا ہے لیکن مبینہ طور پر پاکستان دنیا بھر کی متعدد فرموں سے یہ ٹیکنالوجی حاصل کر رہا ہے۔
سرویلنس واچ کے مطابق پاکستان 15 سے زائد کمپنیوں سے اسپائی ویئر اور دیگر ٹریکنگ سافٹ ویئر حاصل کر رہا ہے جو نگرانی کرنے والی کمپنیوں اور ان کا استعمال کرنے والے ممالک کے ڈیٹا کو ٹریک کرتی ہیں، یہ کمپنیاں امریکا، چین اور یہاں تک کہ اسرائیل سمیت کئی ممالک سے نکلتی ہیں۔
کمپنی دنیا بھر سے جاسوسی کی خدمات حاصل کرنے والے ہر ملک کا ایک انٹرایکٹو نقشہ دکھاتی ہے۔
آپ ویب سائٹ پر “معلوم اہداف” کی فہرست میں پاکستان کو تلاش کر سکتے ہیں، جس میں پاکستان کو اسپائی ویئر ٹیکنالوجی فراہم کرنے والی ہر فرم کا نام دکھایا گیا ہے۔ کچھ بدنام ناموں میں اسرائیل کی Q Cyber Technologies SARL شامل ہے، جو NSO گروپ کی پیرنٹ کمپنی ہے جو Pegasus کو فروخت کرتی ہے، جو آج دستیاب ہیکنگ کے جدید ترین ٹولز میں سے ایک ہے۔ دوسرے ناموں میں پریڈیٹر، گاما گروپ، آئی-سون، اور بہت سے دوسرے شامل ہیں۔
یہ کمپنیاں چہرے کی شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی، اسمارٹ فونز کے لیے اسپائی ویئر، ویڈیو کے ذریعے نگرانی، روکے گئے فون کالز کے لیے وائس ٹو ٹیکسٹ ٹرانسکرپشن، گہرے پیکٹ کا معائنہ، اور بہت کچھ فراہم کر رہی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








