ویمن ایشیا کپ میں پاکستان کی دو کھلاڑیوں نے نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے جن کی بہترین کارکردگی کے باعث قومی ٹیم نے متحدہ عرب امارات کو 10 وکٹس سے شکست دے کر تاریخ رقم کردی۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے شہر ڈمبولا کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم نے یو اے ای کو ہرایا اور 10 وکٹ سے میچ جیتنے والی ویمن ایشیا کپ کی پہلی ٹیم بن گئی۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
نتیجتاً پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹس کے نقصان پر 104 رنز کا ہدف دے کر پویلین لوٹ گئی۔ سب سے زیادہ رنز بنانے والی ٹیرتھا سیٹش نے 36 گیندوں پر 40 رنز بناکر اپنی ٹیم کو 104 کا ہدف دلانے میں اہم مدد کی۔
قومی کرکٹ ٹیم نے متحدہ عرب امارات کی 8 وکٹس گرائیں۔ سعدیہ اقبال، طوبیٰ حسن اور نشرح سندھو 2، 2 وکٹس لے کر بہترین بولرز رہیں، جس کے بعد پاکستان نے 104 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو پاکستانی اوپنرز نے ملک کا نام روشن کردیا۔
گرن شرٹس کی اوپنر منیبہ علی اور گل فیروزہ نے کسی بھی دوسری بیٹر کو کھیلنے کا موقع دئیے بغیر مقررہ ہدف 15ویں اوور کی پہلی گیند تک حاصل کرکے دنیا کو حیران کردیا۔ گل فیروزہ نے سب سے زیادہ 62رنز بنائے اور ان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ماضی میں 8بار مختلف ٹیموں نے 9وکٹس سے کامیابی اپنے نام کی۔ قومی ٹیم نے 11 سال قبل آئرلینڈ کو بھی 10 وکٹس سے شکست دی تھی۔ منیبہ علی اور گل فیروزہ نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں سنچری کی 2 پارٹنرشپس قائم کرنے والی پہلی پاکستانی جوڑی کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








