بھارت کی جانب سے ٹوئٹر اکاؤنٹس بلاک کرنے کی حرکت پر پاکستان کا سخت احتجاج، پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کر لیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی جانب سے احتجاج بھارت کی طرف سے ٹوئٹر پر 80 اکاؤنٹس بلاک کرنے پر کیا گیا۔ بھارت نے ترکی، ایران، مصر، اقوام متحدہ میں پاکستانی سفارتی مشن اور نیویارک میں پاکستان کے سفارتی مشن کے اکاؤنٹس بلاک کئے تھے۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے بتایا کہ بھارت نے جیو بلاکنگ کے ذریعے پاکستان ریڈیو کی نشریات کو بھی بلاک کیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے بھارتی ناظم الامور کو بتایا گیا کہ یہ اقدامات بین الاقوامی معیار کے خلاف ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی ناظم الامور کو بتایا گیا ہے کہ یہ حرکت اصولوں اور معلومات کے بہاؤ کے فریم ورک کے خلاف ہے، جبکہ بھارت سے سفارتی مشن کے ٹوئٹر اکاؤنٹس بلاک کرنے کے اقدام کو فوری طور پر واپس لینے کا بھی کہا گیا ہے۔