پاکستان میں پہلی بار اینٹی کینسر ویکسی نیشن مہم کا 15 ستمبر سے آغاز

تازہ ترین

تازہ ترین

Pakistan set to launch first-ever anti-cancer vaccination drive
FILE PHOTO

اسلام آباد: پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اینٹی کینسر ویکسی نیشن مہم شروع کی جا رہی ہے جو 15 سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی۔

یہ مہم انسانی پپیلوما وائرس (ایچ پی وی) کے خلاف ہے جو سروائیکل کینسر کا بنیادی سبب ہے۔ یہ کینسر خواتین میں سب سے زیادہ پائے جانے والے سرطانوں میں دوسرے نمبر پر شمار ہوتا ہے۔

مہم کے دوران پنجاب، سندھ، اسلام آباد اور آزاد جموں و کشمیر میں 9 سے 14 سال کی عمر کی تقریباً 1 کروڑ 30 لاکھ لڑکیوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔ طبی ماہرین کے مطابق یہ ویکسین صرف ایک خوراک پر مشتمل ہے جو عمر بھر کے لیے تحفظ فراہم کرتی ہے۔

اس قومی مہم کی قیادت ڈوپاسی فاؤنڈیشن کر رہی ہے جبکہ فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن اس کا عملی نفاذ یقینی بنا رہا ہے۔ مہم کو گیوی ویکسین الائنس کا تعاون بھی حاصل ہے۔

حال ہی میں اسلام آباد میں منعقدہ ورکشاپ میں ماہرین، سرکاری و نجی اداروں اور عالمی تنظیموں نے کمیونٹی موبلائزیشن اور عوامی آگاہی پر زور دیا تاکہ ویکسین سے متعلق جھوٹے خدشات اور غلط فہمیوں کو دور کیا جا سکے۔

ڈوپاسی فاؤنڈیشن کے پروگرام منیجر ڈاکٹر فرہاج الدین کے مطابق سب سے بڑی توجہ عوام میں اعتماد پیدا کرنے اور منفی پروپیگنڈے کو ختم کرنے پر دی جا رہی ہے۔

فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ اس مہم میں معالجین کا کردار نہایت اہم ہے کیونکہ عوامی اعتماد سب سے زیادہ ڈاکٹروں پر ہوتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کی نمائندہ ڈاکٹر روزینہ خالد نے نشاندہی کی کہ پاکستان میں سروائیکل کینسر سے اموات اب بریسٹ کینسر سے زیادہ ہو چکی ہیں، اس لیے اس مہم کی فوری ضرورت ہے۔

حکام نے مزید بتایا کہ ایچ پی وی ویکسین کو پاکستان کے روٹین امیونائزیشن پروگرام کا حصہ بھی بنایا جا رہا ہے۔

آئندہ تین برسوں میں 1 کروڑ 80 لاکھ لڑکیوں کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے لیے سول سوسائٹی، نجی اسپتالوں اور ہیلتھ کیئر پرووائیڈرز کے بھرپور تعاون کو یقینی بنایا جائے گا۔

Related Posts