پاکستان نے صومالیہ کی سالمیت کی حمایت کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر خارجہ کے صومالی لینڈ کے دورے کی مذمت کی ہے۔ وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ صومالی لینڈ صومالیہ کا غیر متنازعہ اور اٹوٹ علاقہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیلی وزیر خارجہ کا صومالی لینڈ کا دورہ قابل مذمت ہے۔ کوئی بیرونی ادارہ یا ریاست صومالیہ کی حقیقت بدلنے کا اخلاقی حق نہیں رکھتی۔
خطاب کے دوران ویزر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیلی اقدام صومالیہ کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ سرحدون پر براہِ راست حملے کے مترادف ہے۔ پاکستان صومالیہ کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور وحدت کا مکمل حامی ہے۔ اسرائیلی وزیر خارجہ کا دورہ انتہائی تشویشناک ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے اقوامِ متحدہ میں بھی اسرائیلی اقدام کی مذمت کی۔ عالمی قوانین کے تحت ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت لازمی ہیں۔ اسرائیل کے کسی بھی بیان یا عمل کو قانونی یا سیاسی اثر حاصل نہیں ہوگا جو ہارن آف افریقہ اور بحیرہ احمر میں امن وسلامتی کیلئے خطرہ ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کی کارروائی عالمی قانون اور اقوامِ متحدہ کے منشور کی بھی خلاف ورزی ہے۔ اس سے خطے میں سنگین اثرات پیدا ہوسکتے ہیں۔صومالیہ کی ترقی و استحکام کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ غزہ میں جنگ کے خاتمے اور انسانی امداد کی فراہمی کیلئے کوششیں کرنا ہوں گی۔ پاکستان او آئی سی اور عرب ممالک کے ساتھ فلسطینی حق خود ارادیت کیلئے تعاون کرے گا۔ کسی بھی قسم کی جبری بے دخلی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ ہم فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








