پاکستان کی قومی ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ میں شریک ہوگی یا نہیں، اس کا حتمی فیصلہ آج ہوگا جبکہ آج ہی قومی ٹیم کے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ سے متعلق فیصلہ بھی متوقع ہے۔
ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی آج وزیراعظم شہباز شریف سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے جس کے نتیجے میں ورلڈ کپ کا مکمل بائیکاٹ بھی کیاجاسکتا ہے۔
پاکستان نے بنگلہ دیش کی جگہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں ایک اور ٹیم کی شمولیت پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ تجویز دی گئی ہے کہ پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت یقینی بنائے تاہم صرف بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ بھی کیاجاسکتا ہے۔
امکان یہ ہے کہ پاکستان بھارت کے خلاف اپنا میچ کھیلنے سے انکار کردے گا، جس سے شائقین کرکٹ تو ایک اہم اور ہائی وولٹیج میچ سے محروم ہوں گے ہی، تاہم بنگلہ دیش کے اصولی مؤقف کا ساتھ دینے کیلئے پاکستان کا یہ فیصلہ ناگزیر سمجھا جارہا ہے۔
حال ہی میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے بھارت میں میچ نہ کھیلنے کے مؤقف کی حمایت کی۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش نے اصولی مؤقف اپنایا ہے، پی سی بی آئی سی سی کے دہرے معیار کو مسترد کرتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








