اسلام آباد: وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے منگل کو کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی احترام، اعتماد اور برابری پر مبنی اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر سے ملاقات میں کیا،جنہوں نے آج وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں اپنے تعلقات کو مضبوط بنانا چاہتا ہے۔
ایک روز قبل وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے چین کے ناظم الامور پانگ چنکسو سے دفتر خارجہ میں ملاقات کی تھی۔
وزیر مملکت نے کہا تھا کہ پاکستان چین کے ساتھ تمام موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی کے لیے چین کی مخلصانہ حمایت کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پاک چین اقتصادی راہداری (CPEC) پر کام کی رفتار بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز میں چینی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔