پاکستانی کاروباری خاتون نے ٹک ٹاک کا عالمی ایوارڈ جیت کر ملک کا نام روشن کردیا۔
28 فروری کو سعودی دار الحکومت الریاض میں منعقد ہونے والے TikTok MENA Creator Hub Awards کے دوسرے ایڈیشن میں مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ (MENA) خطے میں خواتین کاروباریوں کی کامیابیوں کا جشن منایا گیا۔
#HerAmbitions کے عنوان سے ہونے والے اس ایونٹ میں خواتین کی زیر قیادت کاروبار کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کیا گیا اور اس میدان میں متاثر کن خدمات کے حوالے سے مشہور خواتین کو اپنی صلاحیتوں اور کامیابی کی داستان شیئر کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔
سرفہرست تین نمایاں کاروباری خواتین میں پہلے نمبر پر سعودی عرب کی دعا البطیحہ رہیں۔ پاکستان سے تعلق رکھنے والی ہبہ قدیر جو ایک کاروبار کی بانی اور ڈیزائنر ہیں دوسرے اور غباروں اور ڈیکوریشن کی کمپنی کی مالک لارا اکل تیسرے نمبر پر رہیں۔ تینوں فاتحین کو اس موقع پر اپنے کاروبار کو بڑھاوا دینے کیلئے مالی امداد بھی ملی۔
دبئی میں رہنے والی ہبہ قدیر، جو پاکستانی اور مشرق وسطیٰ دونوں ثقافتوں کو اپنے ڈیزائنوں میں شامل کرتی ہیں، نے بتایا کہ مجھے ہمیشہ فیشن اور شائستگی پسند رہی ہے۔ میں تقریباً ایک دہائی سے یہ کرنا چاہتی تھی۔
ان کا کہنا تھاکہ میں نے 29 سال کی عمر سے اپنے کام کا آغاز کیا تھا۔ میں نے یہاں کی ثقافت سے ہم آہنگ ڈیزائن تخلیق کیے، جس کا مجھے بہت اچھا اور مثبت رسپانس ملا اور بہت جلد میرا کاروبار چل پڑا۔
اپنے برانڈ “بھروسہ” کے بارے میں بات کرتے ہوئے ہبہ نے کہا کہ بھروسہ مشرق وسطیٰ اور پاکستان کی ثقافتوں کا ایک خوبصورت امتزاج ہے، خاص طور پر ہلکے لباس تیار کرتا ہے۔ میں اپنے کاروبار کو مزید آگے بڑھانے کیلئے پرجوش ہوں۔
یہ پروگرام اقوام متحدہ کے شعبہ خواتین کے تعاون سے منعقد کیا گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








